ابو بچاؤ کرپشن چھپاؤ تحریک سے عوام نے لاتعلقی ظاہر کردی، فیاض الحسن

آل شریف میں سخت پھوٹ پڑ چکی، فیاض چوہان

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عوام نے ابو بچاؤ کرپشن چھپاؤ تحریک سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے حزب اختلاف کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب 3 کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود سیاسی لکی ایرانی سرکس ناکام ہو گیا اور حزب اختلاف کی 11 جماعتیں مل کر بھی 8 ہزار سے زائد لوگ اکھٹے کرنے میں ناکام ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے فی اپوزیشن پارٹی 700 لوگ بنتے ہیں جبکہ اس سے زیادہ لوگ تو وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں اکٹھے کر لیے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسٹیڈیم کا خالی ہونا عوام کی طرف سے ابو بچاؤ کرپشن چھپاؤ تحریک سے لاتعلقی کا اظہار ہے اور کرپٹ ٹولے کو عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنے کی طرف گامزن ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جلسے کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام مائیکرو اور میکرو معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکمران ٹمٹماتا ہوا چراغ ہے،جمہوریت کی صبح طلوع ہونیوالی ہے: فضل الرحمان

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حزب اختلاف کی تحریک سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ چاہتا ہوں کہ یہ لوگ ہر روز جلسہ کریں۔ حزب اختلاف عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر جلد قابو پالیں گے جبکہ ملکی مسائل کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں اور یہ لوگ کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے نکلے ہیں۔


متعلقہ خبریں