اسلام آباد: ڈی چوک پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

ڈی چوک پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

اسلام آباد: کھلا آسمان، ٹھنڈی راتیں، پانی کا انتظام نہ کھانے کا، اسلام آباد کے ڈی چوک پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے دھرنے کے شرکا کو پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روکنے کے لی چاروں اطراف میں کنٹینرز لگادیے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ دھرنے کے چاروں اطراف مرد وخواتین پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

مزید پڑھیں: لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ینگ ڈاکٹرزکے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، بلاول

اقتدار کے ایوانوں سے چند قدم دور ڈی چوک پر دھرنے کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز نعرہ لگاتی رہیں کہ جینا ہوگا، مرنا ہوگا، دھرنا ہوگا، دھرنا ہوگا۔ ۔ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا جاری ہے، خواتین اور بچوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز نے وزارت انسانی حقوق سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پرامن احتجاج سے خوفزدہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ڈی چوک سے نہیں جائیں گی۔

دوسری جانب انتظامیہ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے درمیان اب تک مذاکرات کے 5 دور ہوچکے ہیں جو ناکام ہوئے ہیں۔ آج ہیلتھ سیکرٹری پنجاب نے لیڈی ہیلتھ ورکرز سے ملاقات کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے تمام سرکاری ملازمین بشمول ہیلتھ ورکرز اور دیگر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیر پارپیمانی امور علی محمد خان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شرکت عامر علی احمد اور دیگر حکام نے شرکت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر دفاع پرویز خٹک کریں گے جبکہ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان اور معاون خصوصی ارباب شہزاد کمیٹی میں شامل ہونگے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں وزارت فنانس، تعلیم، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نمائندگان کو طلب کیا جاسکے گا۔

ذرائع کے مطابق کميٹی کا بنيادی مقصد تمام ملازمين جس ميں کلرکس، ليڈی ہيلتھ ورکرز اور مزدور طبقات کے مسائل کو فوری حل کرنا ہو گا، جس سے ملک کی گورننس ميں بھی بہتری آسکے گی۔

ذرائع کے مطابق کميٹی ممبران اسٹيبلشمنٹ ڈويژن کے کانفرنس حال ميں اجلاس منعقد کيا کريں گے۔ کميٹی کا پہلا اجلاس 19 اکتوبر بروز پير کو شام 5 بجے پرويز خٹک کی سربراہی ميں منعقد ہو گا۔


متعلقہ خبریں