کراچی: پی ڈی ایم جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری، وزیراعلیٰ کا انتظامات کا جائزہ


کراچی: کراچی کے باغ جناح میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے بینر تلے کل ہونے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے  جاری ہیں۔

شہرکے مختلف مقامات پر  استقبالیہ کیمپ  لگائے  گئے ہیں جبکہ  جلسہ گاہ میں ساونڈ سسٹم اور اسٹیج کی تیاری کا کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کے ہمراہ جلسہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے 180 فٹ لمبا، 60 فٹ چوڑا اور 20 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا جارہا ہے۔ جس کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جبکہ میڈیا کے لئے علیحدہ اسٹیج بنایا جارہا ہے۔

مرکزی اسٹیج پر پی ڈی ایم میں شامل  جماعتوں کے مرکزی قائدین بیٹھیں گے۔ مرکزی اسٹیج کے ساتھ ہی دونوں اطراف 2 اسٹیج صوبائی و ضلعی قیادت کے لئے مخصوص ہوں گے۔

جلسہ گاہ کے چاروں اطراف  رہنماوں کے بینرز لگائے گئے ہیں۔ تمام افراد کو تلاشی کے بعد ہی جلسہ گاہ میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ جلسہ گاہ میں اسٹیج اور اس کے اطراف کی سیکورٹی ایس ایس یو کے سپرد کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن کے جلسے کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ سب چور اکٹھے ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے نے کہا کہ کل کے سرکس میں بڑے فنکار آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ  چوری پر ہاتھ پڑے گا تو نورا کشتی کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر آرمی چیف کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی، جبکہ پاک فوج کے جوان ملک کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔

گیدڑ بن کر ملک سے فرار ہونے والا فوج کے خلاف بول رہا ہے۔ یہ وہ آدمی ہے جس نے زرداری کو دو بار آصف زرداری کو جیل میں ڈالا۔ نواز شریف آصف زرادری کو کرپٹ ترین انسان کہتے تھے۔ یہ لوگ اپنا پیسہ بچانے کے لیے ملک کو بیچ سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں