وزیراعظم نے اپوزیشن کے جلسے کو سرکس قرار دے دیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپوزیشن کے جلسے کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ سب چور اکٹھے ہوجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے نے کہا کہ سرکس میں بڑے فنکار آئے تھے، چوری پر ہاتھ پڑے گا تو نورا کشتی کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔ رات دو بچوں نے تقریریں کیں، انہوں نے آج تک ایک گھنٹہ حلال کام نہیں کیا، یہ دونوں اپنے باپوں کی کرپشن کی کمائی پر پلے بڑھے ہیں۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح  کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر آرمی چیف کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی، جبکہ پاک فوج کے جوان ملک کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔

گیدڑ بن کر ملک سے فرار ہونے والا فوج کے خلاف بول رہا ہے۔ یہ وہ آدمی ہے جس نے زرداری کو دو بار آصف زرداری کو جیل میں ڈالا۔ نواز شریف آصف زرادری کو کرپٹ ترین انسان کہتے تھے۔ یہ لوگ اپنا پیسہ بچانے کے لیے ملک کو بیچ سکتے ہیں۔

ٹائیگرفورس کے جنون اور جذبے کا شکریہ۔ سب سے پہلے میں اپنی ٹائیگر فورس کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 28مارچ کو ہم نے اپنی ٹائیگرفورس بنائی تھی۔ میں اپنی قوم کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ گزشتہ رات جو سرکس ہوئی آج اس پر بات کروں گا۔ سرکس میں بڑے فنکار تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹائیگرز کو اپنا مقام اور اپنا کام سمجھنا ضروری ہے۔ آپ نے شہریوں کی ضروریات اور ان کے حقوق کی حفاظت کرنا ہوتی ہے۔ جب مشکل وقت آتا ہے یہ قوم اپنے ملک کیلئے کھڑی ہوجاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں کینسر اسپتال بنانے نکلا تو پیسہ اکھٹا کرنا بڑی مشکل تھی۔ مجھے کسی نے کہا بچوں اور طلبا سے مدد مانگو۔ قوم نے اکٹھا ہو کر پیسہ جمع کر کینسر اسپتال بنایا۔ کینسر اسپتال کو چلانے کیلئے بھی مجھے لوگوں کی ضرورت تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کا واحد کینسر اسپتال ہے جہاں 75 فیصد کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ جب بھی ملک کو ضرورت ہوتی ہے یہ قوم کھڑی ہوجاتی ہے۔ ہمارا ملک 10 ان ممالک میں شامل ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قوم نے مل کر ایک ارب درخت لگائے۔ ہم نے اب اپنے دریاوَں کو صاف کرنا ہے۔

 


متعلقہ خبریں