کسی کے خلاف کیس بنانا حکومت کا ایجنڈا نہیں، نیب از خود کارروائی کرتا ہے، فروغ نسیم



کراچی: وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کسی کے خلاف کیس بنانا حکومت کا ایجنڈا نہیں ہے، قومی احتساب بیورو از خود کارروائی کرتا ہے۔  قانون کی عمل داری وفاقی حکومت کا ایجنڈا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کی تقریروں میں کہا گیا کہ پانامہ کیس ایک سازش تھی، ایون فیلڈ اپارٹمنٹ سے متعلق تحقیقات کی گئیں، کس نے منع کیا تھا کہ منی ٹریل نہ دیں؟

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا تمام کا تمام بیانیہ عدلیہ پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف گیڈر کی طرح دم دبا کر ملک سے بھاگا ہے، آج سے میری پوری کوشش ہو گی کہ اسے واپس لایا جائے۔

اسلام آباد میں ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ نوازشریف ہے جو آج فوج کے خلا ف غلط زبان استعمال کررہا ہے۔ نوازشریف نے باہر بیٹھ کر پاکستانی فوج پر حملہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت کے اخباروں میں نوازشریف کی تعریف ہو رہی ہے۔ کیا بھارت کو نہیں پتہ جنرل ضیا نے گو د میں بٹھا کر نوازشریف کے منہ میں چوسنی لگائی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا۔ پاناما کے کیس میں نوازشریف کو نکالا گیا تو یہ کہتا ہے کیوں نکالا۔ نوازشریف، شہبازشریف ان کے بچے سب جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر سن کر ایک نیا عمران خان بن گیا ہے۔ اب سے ان کو کوئی وی آئی پی جیل نہیں ملے گی، عام قیدیوں کی طرح رکھیں گے۔ انشااللہ اب آپ کو میں مقابلہ کرکے دکھاوَں گا۔ میرے نیچے جو ادارے ہیں ان کو تیار کروں گا، جو پیسہ لوٹ کر باہر لے کر گئے ان کو پکڑوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف اداروں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔ یہ اسرائیل اور بھارت کی لابی کو اپیل کررہا ہے۔ نوازشریف جو گیم کھیلنے کی کوشش کررہا ہے میں اس ساری گیم کو جانتا ہوں۔

مزید پڑھیں: مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کیلئے سب کو پی ڈی ایم کے مشن کا حصہ بننا ہوگا، احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ مجھے کسی چیز کا خوف نہیں میری کوئی جائیداد باہر نہیں، میں نے کوئی پیسہ نہیں لوٹا۔ پاک فوج نے کراچی کی بارشوں اور عالمی وبا کورونا کے دوران ہماری مکمل مدد کی۔ دو سال پاکستان کی فوج نے اپنی دفاعی فنڈ میں کٹ لگایا۔ فارن پالیسی میں فوج ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اداروں اورحکومت کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آج سے میری پوری کوشش ہے کہ نوازشریف کو ملک واپس لایا جائے۔ نوازشریف تم واپس آوَ میں تمہیں دیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لندن جانے سے پہلے نوازشریف کی تصویر دیکھ  شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے، شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آنا بہت مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہولی ووڈ بھی ایسی ایکٹنگ نہیں کرسکتا جیسی ایکٹنگ شہباز شریف کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں