پی ڈی ایم کراچی جلسہ ، رہنماوں کی تقاریر جاری، کارکن پرجوش


کراچی: حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کراچی میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔

کراچی کے باغِ جناح مین اپوزیشن اتحاد کا پنڈال سج گیا ہے۔ پی ڈی ایم کا دوسرا جلسہ شروع ہوچکا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی قیادت اسٹیج پر موجود ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں گے۔ مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں نے خطاب شروع کردیا ہے۔ جلسہ گاہ میں پیپلزپارٹی، جے یو آئی ف سمیت سیاسی جماعتوں کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں موجود کارکنوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں تقریبا 40 ہزار لوگ موجود ہیں،جبکہ پیپلزپارٹی  نے 2 لاکھ سے زائد افراد  کے اکٹھے ہونے کا دعوی کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سندھ کےصدر حلیم عادل شیخ  کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے میں  8 ہزار افراد موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ میں صرف 7 ہزار کرسیاں ہیں، جو ہم نے خود دیکھی ہیں۔ 11 مکس پارٹیاں مل کر بھی 10 ہزار سے زائد افراد بھی نہ لاسکیں۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سے اسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت بھی دریافت کی۔

ان کے علاوہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز لاہور سے کراچی پہنچیں جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

گزشتہ شب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باغ جناح جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس موقع پر انہیں صوبائی وزیر سعید غنی نے بریفنگ بھی دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے اور ہم چاہتے ہیں ہمیں حقیقی جمہوریت ملے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ عوام عدلیہ کو انصاف کی امید کے ساتھ دیکھتے ہیں، عدالت بی آر ٹی اور علیمہ باجی کیس کا فیصلہ دے۔


متعلقہ خبریں