لاہور کے حفیظ سینٹر میں آتشزدگی، درجنوں دکانیں جل گئیں


لاہور: لاہور کے حفیظ سینٹر میں لگنے والے آگ نے شددت اختیار کر لی۔ فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع حفیظ سینٹر میں صبح سویرے لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا۔ آگ نے دوسری اور تیسری منزل کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

ریسکیو کے 70 سے زائد اہلکار فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیوں کے ہمراہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اب تک درجنوں دکانیں مکمل طور پر جل چکی ہیں جن میں موبائل فون، کمپیوٹر اور الیکٹرانکس کی دکانیں شامل ہیں۔

آگ لگنے کے باعث تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے، ریسکیو اہلکاروں نے عمارت میں پھنسے 16 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آگ پر فوری قابو پانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ آتش گیر مادہ ہونے کی وجہ سے پھیلی ہے جبکہ عمارت میں آگ بجھانے کے لیے سپرنکلر سسٹم بھی موجود نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور مدثر ریاض کا کہنا ہے کہ ہماری تمام ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جو آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ آگ پھیلنے کی بنیادی وجہ اندر موجود پلاسٹک کا سامان ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا اور عمارت میں موجود موجود گیس پائپ لائن بھی پھٹ گئی جس سے آگ مزید پھیلی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں