ہم سیاسی لوگ ہیں دوسروں کے جلسوں کو نہیں روکتے، وزیر خارجہ


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں دوسری جماعتوں کے جلسوں کو نہیں روکتے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں گوجرانوالہ اسٹیڈیم میں پی ٹی آئی کا جلسہ سب نے دیکھا تھا اور اب سب نے دیکھ لیا کہ حزب اختلاف کے جلسے سے لوگ لاتعلق رہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے حزب اختلاف کے جلسے کی حقیقت کھول کر رکھ دی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 2 سالہ حکومت تمام مسائل کی ذمہ دار نہیں ہے بلکہ لوگ سمجھتے ہیں کہ موجودہ مسائل کے ذمہ دار سابقہ حکمران ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 11 رکنی ٹیم کے پاس بھی مسائل کے حل کے لیے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہوتی۔ پی ڈی ایم اتحاد وقتی ہے اور یہ ایک غیر فطری اتحاد ہے کیونکہ اس اتحاد میں نہ لیڈرایک ہے نہ نظریہ ایک ہے۔ یہ لوگ خوف کے تحت جمع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز ہم نے نہیں بنائے بلکہ یہ ماضی میں بنے ہیں تاہم اب ان لوگوں کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاست کے پرانے کھلاڑی عمران خان کو سنجیدہ نہیں لیتے تھے اب عمران خان نے پرانے کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے میں خالی کرسیوں سے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے، مریم نواز

سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 12 سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور سندھ میں تیر لوگوں کے سینوں میں پیوست ہو گیا ہے۔ شہید بھٹو کے نام پر بلاول کتنی بار ووٹ لیں گے کیونکہ آج سندھ کے لوگ بھی بیدار ہو چکے ہیں وہ اب پرانی فلموں میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں نواز شریف کے نعرے سن کر پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر سکتہ طاری ہو گیا جبکہ بلاول زرداری کی تقریر کے دوران ہی لوگوں نے رخصت ہونا شروع کر دیا تھا۔ ہم سیاسی لوگ ہیں جلسوں کو نہیں روکتے۔


متعلقہ خبریں