اپوزیشن اتحاد کی 11 جماعتوں کے پیچھے بھارت ہے، شہباز گل


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل 11 جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 دن پہلے لوگوں نے گوجرانوالہ میں سرکس دیکھا جس میں اپنا مال بچانے کے لیے نامناسب باتیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پتہ نہیں آکسفورڈ میں کیا پڑھتے رہے کہ انہیں پاکستانی تاریخ کا معلوم ہی نہیں ہے۔ عوام اپوزیشن کی باتوں میں نہیں آئے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے ماضی میں خرم دستگیر کو پیٹرول پمپ کے لیے جعلی این او سی دیا تھا، خرم دستگیر آپ نے جو لوٹ مار کی ہے آپ سے اس کا حساب لیا جائے گا۔ جعلی این او سی میں نمبر ہائی وے کا ہے جو کسی کو جاری نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ خرم دستگیر کے والد نے چڑیا گھر کی زمین بھی اپنوں کو دلائی۔ نواز شریف آپ کے بھائی نے بھی نوکروں کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری آرمی ہے تو ہم ہیں۔ پاک فوج شہادتیں دے رہی ہے جبکہ بھارت یہی چاہتا ہے کہ افواج پاکستان کو نشانہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا، شیخ رشید

نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ لوگ آپ کے لندن میں تیار کردہ ملک دشمن بیانیے کے ساتھ کھڑے نہیں ہو سکتے اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ لندن میں بیٹھے نواز شریف اتنے بزدل ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام کا پیسہ لوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اخباروں میں نواز شریف کی ہیڈلائنز لگ رہی ہیں۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں اپنے مفاد کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں اور ان 11 جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے۔


متعلقہ خبریں