راولپنڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں


راولپنڈی: ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی۔

راولپنڈی کی سبزی منڈی میں ادرک 600 روپے،  آلو اور پیاز 80 روپے اور لہسن 250 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ بھنڈی،  توری،  بینگن،  شملہ مرچ، کدو اور ٹینڈے سبھی نے سینچری مکمل کرلی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی بہت زیادہ ہے، گزارا نہیں ہورہا سبزیان اور پھل بہت مہنگے ہیں۔ وزیر اعظم مہنگائی کا نوٹس لیں، حالات بہت خراب ہیں، مہگائی نے جینا دوبھر کردیا ہے۔

دوکانداروں کا کہنا ہے مجسٹریٹ ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر چھوٹے دوکانداروں کو جرمانے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے مہنگائی ختم کرنی ہے تو منڈی میں موجود آڑھتیوں کے خلاف سنجیدگی سے کارروائی کرنی ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات نے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 20 فیصد ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، مشیر خزانہ

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق انڈے، چکن، آٹا اور چینی سمیت 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پیاز، آلو، لہسن، دال چنا اور مسور سمیت 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 16 اکتوبر کو اختتام پزیر ہفتے میں مہنگائی کی شرح گزشتہ ہفتے سے زائد رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے 17 مختلف شہروں میں 51 اشیا کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا جبکہ 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 9 اشیا کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا۔

دو روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ ہمیں معاشی مشکلات وراثت میں ملی ہیں، تاہم اب معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا۔ ڈالر سستا ہوا تو ہمارے ملک میں انگور سے لے کر ٹوتھ پیسٹ تک باہر سے منگوانا شروع ہوئے۔ ماضی میں ڈالر سستا کر کے اس کا فائدہ دوسرے ممالک کو پہنچایا گیا۔


متعلقہ خبریں