پہلے نیا پاکستان بنا اور اب نیا عمران خان بن رہا ، مراد علی شاہ



کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلے نیا پاکستان بنا اور اب نیا عمران خان بن رہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے موجود وزیراعظم اصلی نہیں تھا، اللہ کرے کہ اب کوئی اصلی وزیراعظم آئے،عمران خان نے بھی خود مان لیا ہے کہ اب نیا وزیراعظم آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عدلیہ پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ سستی کر رہی ہے، امید ہے عدلیہ اس بیان کا نوٹس لے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر دینا وزیراعظم کا کام ہی نہیں ہے،وزیراعظم اپنا کام کرے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا کام کرنے دیں۔

پی ڈیم ایم کراچی جلسہ: مراد علی شاہ کا شبلی فراز کو چیلنج

ان کا کہنا تھا کہ ان سب کا مسئلہ یہ ہے کہ اپنا کام چھوڑ کر دوسروں کا کام کرتے ہیں، نہ گھبرانے کا کہنے والے اندر سے گھبرائے ہوئے ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وفاقی وزرا نے سیلفی بنا کر کہا کہ ہم تو نہیں گھبرا رہے ہم تو کرکٹ دیکھ رہے ہیں،ان وزرا کو لیڈی ہیلتھ ورکرز کا خیال نہیں تھا جو دھرنا دے کر بیٹھی ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز سڑکوں پر سورہی تھیں اور وزرا کرکٹ دیکھ رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ سے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کیلئے آرہی ہے،  جلسہ گاہ میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے تنخواہوں میں اضافہ کیا،  ملک کو سنبھالا تھا، ماضی میں پیپلزپارٹی نے معیشت چلا کر دکھائی تھی۔  موجودہ حکومت کو معیشت چلانا نہیں آتی انہیں چاہئے کہ یہ کرسی خالی کر دیں۔


متعلقہ خبریں