سعودی عرب میں محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز


ریاض: سعودی عرب میں محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے آج سے عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہر روز چالیس ہزار نمازی اور 15 ہزار عمرہ زائر مسجد الحرام پہنچیں گے اور یہ حرم مکہ کی کل گنجائش کا 75 فیصد ہوں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہو گی۔

سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور کا کہنا ہے کہ نمازی کورونا وائرس ایس او پیز کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ میں عبادت اور روضہ رسول ﷺ کی زیادت کر سکیں گے۔

سعودی عرب: چار اکتوبر سے محدود پیمانے پر عمرہ کرنے کی اجازت دیدی

رپورٹ کے مطابق شاہی ہدایت پر مسجد قبا بھی آج سے نمازیوں کے لیےکھول دی گئی ہے۔ مسجد قبا روزانہ فجر سے پہلےکھولی جائے گی اور اسے عشاء کے بعد بند کر دیا جائےگا۔

کورونا وائرس ایس اوپیز کے ساتھ زائرین کو حرم میں نماز اور طواف کی اجازت بھی مل گئی ہے۔

عمرے ادائیگی کے ساتھ مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے اجازت ناموں میں75 فیصد خواتین کو اجازت دی جا رہی ہے۔

حرمین شریفین کے امور کے سربراہ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دونوں مقدس مقامات پر آنے والے افراد کورونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ عبادات کا سلسلہ آسانی کے ساتھ چلتا رہے۔

مقدس مساجد کی انتظامیہ کے مطابق دوسرا مرحلہ 14 روز تک جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں