مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری، لیگی کارکنوں کی نعرے بازی پر حکومتی رہنما برس پڑے



کراچی: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی مزار قائد حاضری پر لیگی کارکنوں کی نعرے بازی پر حکومتی رہنما برس پڑے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ نہ ان لوگوں کو اپنی تاریخ کا پتہ نہ اپنے محسنوں کی عزت کے آداب سے واقف، ان کو میاں صاحب کے علاوہ کسی کی عزت کرنی نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد کے مزار کی بے حرمتی کرنے پر ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ ان کو نہ اپنے محسن کا خیال ہے نہ ان کی تکریم ہے۔ مزار قائد پر کھڑے ہوکر سیاسی نعرے بازی کرنا سمجھ سے باہر ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی قوم اس کو دیکھ کر غصے سے بھرے ہوں گے۔ ن لیگ کو اپنے اس عمل پر معافی مانگنی چاہئے۔ ان کو جلسے میں اسٹیج پر کھڑے ہوکر معافی مانگنی چاہئے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے مزار قائد پر نعرے بازی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں نے مزارقائد کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ  مریم نواز جہاں بھی گئیں، قوائد و ضوابط اور سماجی اقدار کی پامالی ہی کی۔

عمران خان! یاد رکھو کہ صفحہ پلٹتے ہوئے دیر نہیں لگتی ہے، مریم نواز

انہوں نے سوال کیا کہ کیا کبھی بابائے قوم کے مزار پر ایسی بدتمیزی پہلے بھی کی گئی ہے؟ یہ بچے ہر چیز کی دھجیاں اڑاتے پھر رہے ہیں۔

ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے، مریم نواز

وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  بے ادب بے مراد۔ جن کی منزل مے فیئر اور مراد منی لانڈرنگ اور تجارت ہے، وہ مزارِ قائد پر بھی بے نقاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مفرور خاندان نے دولت بچانے کے لئے مزارِ قائد پر بے ادبی کی حد کردی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آج مزار قائد پر حاضری دی۔

اس موقع پر مزار قائد کے احاطے میں ہی لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کر دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔


متعلقہ خبریں