کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع


فائزر کمپنی نے بیلجیم میں کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کلینکل ٹرائلز کی کامیابی اور باضابطہ منظوری کے بعد ویکسین دسمبر میں مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔

امریکی کمپنی فائزر کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کی ہے، تاکہ منظوری کی صورت میں فوری طور پر ویکسین کو مارکیٹ میں لایا جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت فائزر کی تیار کردہ ویکسین کے کلینکل ٹرائل جاری ہیں، کامیاب ٹرائلز اور باضابطہ منظوری کے بعد دسمبر میں ویکسین کی دس کروڑ خوراکیں دستیاب ہوں گی۔

کورونا وائرس: دنیا میں متاثرین کی تعداد 4 کروڑ سے زائد ہو گئی

دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 4 کروڑ 9 ہزار 506 افراد متاثر اور 11 لاکھ 15 ہزار 243 ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 99 لاکھ 25 ہزار 178 ہو گئی ہے اور 89 لاکھ 69 ہزار 85 ایکٹیو کیسز ہیں۔

دنیا بھر میں ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ بن گیا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دنیا میں 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 518 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 282 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد  83 لاکھ 42 ہزار 665 ہو گئی ہے۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 32 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد بھارت میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 74 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس سے مزید 129 افراد موت کا شکار ہوئے جس کے بعد برازیل میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 52 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہے۔

روس میں 13 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔


متعلقہ خبریں