سدرن پنجاب کو شکست: خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا


راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کی جانب سے دیئے گئے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا سکی۔

سدرن پنجاب کی جانب سے حسین طلعت نے 63 اور خوشدل شاہ 34 نے رنز بنائے جب کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے شاہین شاہ اور وہاب ریاض نے بالترتیب تین تین جب کہ عثمان شنواری اور آصف آفریدی  نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔

کے پی کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور سلامی بلے باز فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سب سے زیادہ رنز اور وکٹیں لینے والے کھلاڑی کون؟

بعد ازاں محمد رضوان 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ خیبرپختونخوا کی دوسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جب وہ 13 ویں اوور میں 67 رنز بنا کر عامر یامین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 51 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کا ٹوٹل 205 رنز تک پہنچا دیا۔

سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین، زاہد محمود اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


متعلقہ خبریں