نااہل حکومت کے جانے کا وقت آ گیا، وزیراعظم کو جانا پڑے گا :بلاول بھٹو


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم نے اس ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کی جنگ لڑنی ہے۔ نااہل حکومت کے جانے کا وقت آ گیا، وزیراعظم کو جانا پڑے گا۔

کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مخالفین کیلئے نیب کا قانون اندھا ہے، کراچی کو الگ کرنے کی سازش پک رہی ہے، کسی کو سندھ کے جزائر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمان اور آئین کو نہیں مانتی، عوام جعلی حکمرانوں کا غرور مٹی میں ملا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کیلئے تاریخی دن ہے، آج ہمارے دلوں کے پرچم سانحہ کارساز کے شہیدوں کے دکھ میں جھکے ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے جمہوریت کا نیا باب لکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آفرین ہے بی بی پر جس نے وہ حوصلہ دکھایا جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ ان کی قربانی ہمیں لڑنے کی طاقت دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں محترمہ کی شہادت کو سرخ الفاظ میں رقم کیا جائے گا، ہمیں اس غم کو اپنی طاقت میں بدلنا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 18 اکتوبر کو اس خونی رات پر بھی شہید محترمہ نے کہا میں اپنے عوام اور کارکنوں کے ساتھ رہوں گی۔ وہ دھماکے بعد جیالوں کے پاس اسپتال پہنچیں.

انہوں نے کہا کہ شہہد محترمہ جانتی تھیں کی اصل نشانہ وہ ہیں، وہ جمہوریت، عوام اور حق کا راستہ چھوڑ پر قاتلوں سے بچ سکتی تھیں مگر انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا، وہ کبھی بھی ڈریں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کارساز کے شہدا انسانی حقوق، جمہوریت کیلئے جنگ کی نشانی ہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ نے جمہوریت اور ملک کیلئے اپنا خون دیا ہے، انقلاب کی چاپ سنائی دے رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جس صبح کیلئے شہدائے جمہوریت نے اپنی جانیں دیں وہ صبح ضرور آئے گی، آج جو فیصلے ہوں گے وہ پاکستان کے عوام کریں گے، ہم نے اس ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کی جنگ لڑنی ہے۔

فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے ،مریم نواز

انہوں نے کہا کہ ایک ایک کر کے تمام ادارے کھوکھلے کیے جا رہے ہیں جو عوام کے حقوق کا تحفظ کرسکتے ہیں، حاکم وقت کے جبر کے خلاف اٹھنے والی آواز کو بند کیا جا رہا ہے، ظلم پر ظلم  بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقتدار کی لڑائی نہیں ہے، جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا جاتا ہے تو ہر شہری اس کی زد میں آتا ہے، بات کرنے، سانس لینے، عزت سے زندگی گزارنے اور غربت سے آزادی کا ضامن جمہوری نظام ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئین، ریاست اور عوام کے درمیان ایک معاہدہ ہے، اس حکومت نے یہ معاہدہ توڑ دیا ہے، عوام کی ذمہ داریاں اس کی طاقت سے زیادہ ہیں، حکومت عوام کا کوئی حق دینے کو راضی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اور اسے شکایت کرنے کی اجازت بھی نہیں، سڑکوں پر بچیوں کی عزتیں لوٹی جا رہی ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کو مہنگائی اور روپیہ کی قدر گرنے کی خبر ٹی وی سے ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو عوام کی بھوک اور غصہ نظر نہیں آتا، عوام نے تاریخی بےروزگاری، بھوک اور افلاس دیکھا ہے۔

بلاول نے کہا کہ اپوزیشن کیلئے پنجاب میں ڈمی وزیر اعلیٰ لگا کر مذاق کیا جا رہا ہے،  سندھ کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور صوبے کو 300 ارب روپے نہیں دیا جا رہا۔

ہم سب ایک پیج پر ہیں، عمران خان کے گھبرانے کا وقت آچکا: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جہاں سے گیس نکلتی ہے اسے گیس نہیں دی جا رہی، کے الیکٹرک کراچی والوں کا خون چوس رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے متاثرین آج تک دربدر ہے، امداد اور مدد دور کی بات سلیکٹڈ وزیراعظم نے آج تک سیلاب زدگان کا پوچھا تک نہیں۔


متعلقہ خبریں