پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ


راولپنڈی:  گزشتہ روز پاکستان بھارت ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پہ سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے بڑھتے واقعات پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ اس قسم کے اشتعال انگیز واقعات سے امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بھارتی جارحیت کو غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اس کی وجہ سے حالات میں مزید خرابی آئے گی۔

ڈی جی ایم او نے کہا کہ بھارت کو الزام تراشی کی بجائے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دراندازی کو روکنے کے بہانے دانستہ طور پر عام شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی جارحیت کے سبب رواں سال 219 معصوم شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔

بھارتی اشتعال انگیزی سے شہید و زخمی ہونے والے شہریوں میں 112 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

26 اپریل کو بھارتی فائرنگ کی وجہ سے دو شہری شہید اور دو زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 میں ایل او سی پر جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ تاہم بھارت کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں