کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی، سعید غنی


اسلام آباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس انداز میں کیپٹن (ر ) صفدر  کی گرفتاری ہوئی ہے اس کی مذمت کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر گرفتار

میزبان شفا یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر )صفدر کی گرفتاری کروا کر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر ) صفدر کی مزار قائد پر بے حرمتی کے حق میں نہیں لیکن گرفتاری  کا طریقہ کار مناسب نہیں۔

وزیر تعلیم سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خطاب  کے لیے ہم نے انتظامات کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین  پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عوام کے مفاد میں تقریر کرتے  ہیں، ان کی کراچی میں گزشتہ روز کی تقریر اچھی تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی جلسے میں ن  لیگ والے  ہمارے مہمان تھے، جلسوں میں  لیڈرز کی تصاویر لگانے کے لیے ہم پر کوئی دباوَ نہیں ڈال سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: فیاض الحسن چوہان کا مریم نواز کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا۔

متعلقہ خبریں