کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کیلئے سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا، محمد زبیر


کراچی: سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا۔

ن لیگی رہنما محمد زبیر نے تھانہ عزیز بھٹی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو اقدام قتل کی دفعات کے تحت گرفتار کرنا قابل مذمت ہے اور جو مقدمہ درج کیا گیا اس کا اندراج ہی غلط ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کروں اور دفعہ قتل کی لگا دیں۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے سندھ پولیس پر دباوَ ڈالا گیا اور اب ہمیں تھانے کے اندر جانے نہیں دیا جا رہا۔ اس گرفتاری کے پیچھے سیاسی عزائم نظر آرہے ہیں۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات کی ہے اور انہوں ںے تصدیق کی ہے کہ سندھ پولیس کا گرفتاری سے تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ پولیس پر انتہائی دباوَ ڈالا جا رہا تھا تاہم اب مجھے تھانے کے اندر جانے نہیں دیا جا رہا  اس کے باوجود کہ میں سندھ کا سابق گورنر ہوں۔

محمد زبیر نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کس حال میں ہوں گے یہ جاننا ہمارا حق ہے اور کیا کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کسی کو قتل کرنے کی بات کی تھی ؟

یہ بھی پڑھیں: ماضی میں ذاتی مفادات کیلئے ملک کو لوٹا گیا، شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا قانونی انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ہم سیاسی لوگ ہیں اور ہمارا ردعمل بھی سیاسی ہو گا جو صرف کراچی میں نہیں بلکہ پورے ملک میں نظر آئے گا۔


متعلقہ خبریں