نواز شریف طلبی کا اشتہار لندن کے اخبارات میں شائع کرنے کی درخواست مسترد


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اشتہار لندن کے اخبارات میں شائع کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی پر اشتہار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاق کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی عدالت طلبی کے اشتہار لندن کے دو اخبارات میں شائع کیے جائیں۔

عدالت نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار لندن کے 2 اخبارات میں شائع کرنے کی وفاقی کی درخواست مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ عدالتی احکامات پر آج دو مقامی اخبارات میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات شائع ہوئے۔

بذریعہ اشتہار نواز شریف کو 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت طلبی کے اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈز جرمانے کی سزا سنائی گئی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف کی سزا معطل ہوئی تو وہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل زیر سماعت ہے اور نواز شریف عدالت پیش ہونے کے پابند تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر گرفتار

نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کی تعمیل نہ ہو سکی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔


متعلقہ خبریں