کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم پر حملہ ہے، مولانا فضل الرحمان


کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ قابل مزمت ہے۔ ان کی گرفتاری پورے پی ڈی ایم پر حملہ ہے۔

کیپٹن صفدر (ر) کی گرفتاری کے بعد  پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز اور پی ڈی ایم کے دیگر سرکردہ رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو ان کی اہلیہ کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتار ی کا عمل شرمناک ہے۔ کیا ہم شہری کی عزت و احترام کو انسانی حقوق نہیں سمجھتے؟ یہ جبر اور ظلم کی حکومت ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس معاملے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بے خبر رکھا گیا۔ اس طرح کی حرکت کسی بھی مہذب ملک میں نہیں کی جاتی۔ سندھ حکومت معاملے میں اپنا موقف دے چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صفدر کی گرفتاری سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں اختلاف پیداکرنے کی کوشش کی گئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت نے کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے پولیس کو کہا کہ کمرے میں نہ آئیں میں خود باہر آرہا ہوں، پولیس اہلکاروں نے کمرے کا دروازہ توڑا اور زبردستی کمرے میں داخل ہوگئے۔

مریم نواز نے کہا کہ کراچی میں صفدرکی گرفتاری کا مقصد پی پی اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کےمزار پر ان کے فرمودات کو دہرانا کونسا گناہ ہے؟  قائداعظم کےمزار پر نوازشریف زندہ باد یا مریم زندہ باد کے نعرے نہیں لگے۔ صرف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائےگئے۔ ہم بچے نہیں،ہم سب جانتے ہیں۔ مزارقائد پر ہلڑ بازی پی ٹی آئی نے کی تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ  گرفتاری  کے وقت صفدر کو ادویات ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایف آئی آر درج کرانے والا دہشتگردی عدالت سے مفرور ہے۔تمام مقدمات میں ایک جیسے مدعی کیوں ہوتے ہیں؟ کوئی سمجھتا ہے دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تو یہ خام خیالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارد گرد کارروائی سے بہتر ہے میں یہاں موجود ہوں، آوَ گرفتار کرو۔ ایک لمحے کے لیے بھی نہیں لگا کہ سندھ حکومت اس میں ملوث ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مشرف نے بھی آخری دنوں میں پے درپے غلطیاں کیں۔ صفدر کو دھکمیاں کافی پہلے سے مل رہی تھیں۔ جب انسان دماغ کے بجائے طاقت سے فیصلے کرتا ہے تو ایسی غلطیاں کرتا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری پر ہم سب دکھی ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری شرمناک حرکت ہے۔ کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سےلاعلم رکھا گیا۔ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، روایت کوبھلا چکی ہے،۔ بلاول اورآصف زرداری بھی کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پردکھی ہیں۔ اس تمام معاملےکی مکمل انکوائری ہوگی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری پرمعذرت خواہ اور شرمندہ ہوں۔ یہ واقعہ سندھ میں پیش آیااس کی مذمت کرتا ہوں۔ واقعےکی تحقیقات کی جارہی ہے، رپورٹ سب کےسامنےلائیں گے۔


متعلقہ خبریں