حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

گلبدین حکمت یار کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اسلام آباد: حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق  دوران ملاقات پاک افغان دو طرفہ تعلقات پربات کی گئی۔ اس کےعلاوہ افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھین: افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا مشروط ہے، جنرل مارک ملے

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی  نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی تھی۔

ہم نیوز نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہونے والی ملاقات میں افغانستان میں ریزولوٹ سپورٹ مشن کے سربراہ جنرل آسٹن اسکاٹ ملر بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی اؔر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے زلمے خلیل زاد کی ہونے والی ملاقات میں خطے میں قیام امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈیڈ لاک ختم نہ ہوا تو عالمی برادری افغانستان میں دلچسپی کھودیگی، عبداللہ عبداللہ

جنرل قمر جاوید باجوہ کی زلمے خلیل زاد سے ہونے والی ملاقات میں افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے سفیر محمد صادق بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں افغان امن عمل میں تازہ ترین پیشرفت اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا تھا۔


متعلقہ خبریں