ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو لے کر پولیس ایئرپورٹ کے لیے روانہ


کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس ن لیگ کے رہنما اور مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کو لے کر ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے کچھ دیر قبل کہا تھا کہ قائد اعظم کا پاکستان دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے۔

کراچی کی مقامی عدالت میں ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا تھا کہ جھوٹے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مزار قائد پر مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگائے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو بچانےنکلے ہیں۔

کراچی کی مقامی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مزار قائد کی بےحرمتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت  نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک لاکھ روپےمچلکےجمع کرانے کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم پر حملہ ہے، مولانا فضل الرحمان

سماعت کے دوران عدالت نے چیک اور پراپرٹی کاغذات لینے سے انکار کردیا۔ عدالت نے کہا کہ پیپرزکی انکوائری کیلئے وقت درکار ہوگا۔

عدالت میں وکلا نے کیش پیسے جمع کرانے کا فیصلہ کرلیا ۔ کمرہ عدالت میں وکلا نے ایک دوسرے سے پیسے جمع کر کے مچلکےجمع کروا دیا۔

ایک لاکھ روپے کیش جمع کرانے پرعدالت نے رہائی کے احکامات دے دیے۔

اس سے قبل کراچی سٹی کورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں شدید بدنظمی پیش آئی اور جج کمرہ عدالت سے اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے۔

آج صبح کراچی پولیس نے  کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا تھا۔ کیپٹن صفدر کو مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا گیا تھا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا۔ کیپٹن صفدر کو مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں