چار روزہ پریکٹس میچ میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام

فوٹو: فائل


کینٹربری: قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ وآئرلینڈ کے باقاعدہ آغاز سے قبل پریکٹس میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی۔

کینٹ کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے روز قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس مرحلے پر صرف امام الحق 61 رنز کے ساتھ قدرے مزاحمت کر سکے۔

قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

امام الحق نے 111 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 61 رنز بنائے۔ حسن علی پاکستان کی جانب سے دوسری بڑی انفرادی اننگ کھیلنے میں کامیاب ہوئے، انہوں نے 11 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کے کئی تجربہ کار کھلاڑی کینٹ کھلاڑیوں کا سامنا نہ کر سکے۔ اظہر علی 15، بابر اعظم 11، سرفراز احمد 4  اور اسد شفیق 17 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کینٹ کی جانب سے ول گڈمن نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہیری پوڈ مور اور کیلم ہیگٹ کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو میزبان ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز بنا چکی تھی۔

آئرلینڈ اورانگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے پاکستانی ٹیم مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے چار روزہ پریکٹس میچ کھیل رہی ہے۔

وارم اپ میچز کیلیے کینٹ ٹیم کی کپتانی جو ڈینلی کر رہے ہیں جو پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں سمیع اسلم، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، امام الحق، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور راحت علی شامل ہیں۔

کینٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ڈینیئل بیل ڈرمونڈ، سین ڈکسن، زاک کراؤلی، الیکس بلیک، ول گڈمین،ایڈم راؤز، کیلم ہیگٹ، ہیری پوڈ مور، ایڈم رلی اور ایوان تھامس شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں