بلاول 21 اکتوبر سے گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے

گلگت بلتستان انتخابات میں جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی، بلاول

فوٹو/ فائل


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری 21 اکتوبر سے گلگت بلتستان کا 22 روزہ دورہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات کی مہم میں حصہ لیں گے۔

ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق  بلاول بھٹو 22 روز گلگت بلتستان میں گزاریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بلاول نے وفاق میں برسر اقتدار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مداخلت کرنے کا الزام لگایا ہے۔

چند روز قبل پنجاب کے شہر لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے بلاول کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ اہم پارٹی رہنما کی طرف سے وفاق میں بیٹھ کر الیکشن سے قبل دھاندلی کا الزام لگانا باعث تشویش ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں، ق لیگ

اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز  نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان میں صاف، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہوں گے، تمام پارٹیوں کے سربراہان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بے بنیاد الزامات کا عمل کسی صورت درست نہیں ہے۔ انتخابات سے قبل  ایسے الزامات غیر جانبدرانہ انتخابات کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے ہیں۔ انتخابات 2020 کا انعقاد ہر صورت آزاد اور غیر جانبدار ہوگا.

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا گلگت کی تاریخ میں پہلی دفعہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کو سراہا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتخابات سے متعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا۔ کسی بھی امیدوار کو اہل یا نا اہل کرنا عدالتی معاملہ ہے۔ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان مسلم لیگ ق لیگ کی قیادت نے مطالبہ کیا تھا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں۔

گلگت بلتستان: اداروں کے سربراہوں کی تصاویر کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے پر پابندی

ہم نیوز کے مطابق ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے گلگت بلتستان کے نگراں وزیراعلیٰ میر افضل سے ملاقات کے دوران زور دیا تھا کہ انتخابات میں سب کو آزادانہ طور پر حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔

نواز شریف کی تقریر لکھنے اور کروانے والوں نے انکے پاؤں پر کلہاڑی ماری، چودھری شجاعت

ہم نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ہونے والی ملاقات میں چودھری برادران کا مؤقف تھا کہ یہ علاقہ پاکستان کی معیشت اور دفاع کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔


متعلقہ خبریں