پاکستان کی نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان اور آرمینیا جنگ بندی کے نئے معاہدے پر متفق

شاہ محمود قریشی کی آذربائیجان کے ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات سمیت  دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی  پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیر خارجہ کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں مخدوش صورت حال  پر گہری تشویش ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آرمینیا کی طرف سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل آذربائیجان اور آرمینیا ایک بار پھر جنگ بندی کے نئے معاہدے پرمتفق ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ناگورنو کاراباخ میں جاری کشیدگی میں کمی کی جائے گی۔

دونوں ملکوں نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کر دی جس پر رات ایک بجے سے عملدرآمد ہو گا۔ معاہدہ امریکہ، فرانس اور روس کے کہنے پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان کا آرمینیا سے متنازعہ علاقے پر قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے معاہدے کے باوجود ناگورنو کاراباخ میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں