کورونا ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی، این سی او سی کا سخت اقدامات کا عندیہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی پر دوبارہ سخت اقدامات اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار

این سی او سی کے اجلاس کے دوران ملک بھر میں بڑھتے کورونا کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اسی طرح جاری رہی تو مختلف شعبے بند بھی کیے جاسکتے ہیں۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ ہائی رسک سیکٹرز ٹرانسپورٹ، مارکیٹس ،شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور عوامی اجتماعات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس کے دوران کہا گیا کہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کویقینی بنایا جائے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز کو نظر انداز کرنے سے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی تیزی، مزید 19 افراد جاں بحق

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ گزشتہ ہفتے روزانہ کورونا سے اموات کی شرح 12 فیصد تھی اور کچھ ہفتے پہلے کی نسبت 140 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز کو نظر انداز کرنے سے نتائج سامنے آ رہے ہیں، اگر ہم نے اپنا طرز عمل نہ بدلا تو ہم زندگیوں اور ذریعہ معاش سے محروم ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں