وزیر اعظم نے اداروں کو سیاست میں ملوث کر دیا، شاہد خاقان عباسی


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اداروں کو سیاست میں ملوث کر دیا۔

ن لیگی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واقعہ ریکارڈ کا حصہ ہے اور کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ پر وزیر اعظم کو چاہیے تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ کو فون کرتے اور ان سے اس معاملے پر بات کرتے لیکن کیا گزشتہ دنوں سے وزیر اعظم نے ملکی معاملات پر کوئی بات کی۔ وزیر اعظم ملکی معاملات سے ناآشنا ہیں اور انہیں پرواہ ہی نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان تعلقات کا کیا بنے گا ؟ وفاق ملکی مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کر رہا، سازش سے کیا ملے گا ؟

یہ بھی پڑھیں: اداروں کی ملکی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، مولانا فضل الرحمان

اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہو رہے ہیں اور ملک میں غیر یقینی کی صورتحال قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے سے ایسا لگا کہ وفاق خود اس میں ملوث ہے۔

اکرم درانی نے کہا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اور ہم کس سمت میں جا رہے ہیں ؟ ملک اس وقت سنگین ترین بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کوئی میگا پروجیکٹ بتا دیں ؟ حکومت نے 2 سال میں کون سا اچھا کام کیا ؟ مہمانوں کی بےعزتی کسی صوبے کا کلچر نہیں ہے اور جو وزرا اس کو سپورٹ کر رہے ہیں وہ اپنے گھر کی طرف بھی دیکھیں۔


متعلقہ خبریں