بغاوت کیس: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، عمران خالد بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع 

بغاوت کیس: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، عمران خالد بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع 

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ سیشن عدالت نے  بغاوت کیس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ن لیگی ممبر پنجاب اسمبلی عمران خالد بٹ کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔

فاضل عدالت نے تفتیش نامکمل ہونے پر  کیپٹن صفدر اور رکن صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنا بیان  تحریری طور پر جمع کروا دیا۔ ۔

خیال رہے کہ بغاوت کا مقدمہ درج ہونے کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے 21 اکتوبر تک عبوری ضمانت لے رکھی تھی۔

گوجرانوالہ میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ آئی جی سندھ کو کون اغواء کر کے لے گیا اور حبس بےجا میں رکھا۔ آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی بنے جو اس کی انکوائری کرے۔ سندھ پولیس نے آج غیرت دیکھا دی اور کہا ہم آئین کے تابع ہیں۔

مزید پڑھیں: کیپٹن صفدر کی گرفتاری،گتھی مزید الجھ گئی، اعلیٰ پولیس افسران نے رخصت لے لی

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیشیاں تو روز ہوتی ہیں، دن میں دو دو بار ہوتی ہیں۔ اس معاملے پر بھی چیف جسٹس اس معاملے پر نوٹس لیں اور پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔ اس کمیشن بنا کر تفتیش کے لیے جسٹس قاضی فائز عیسی کو مقرر کیا جائے۔

صحافی  کے سوال پر کہ کراچی میں کن لوگوں نے دروازے توڑے اور کن لوگوں نے معلومات لیے، کیپٹن صفدر نے کہا کہ یہ کام اونچے لیول پر ہوا ہے، اس ملک میں اس کی ریت پڑ گئی ہے۔ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں کہا تھا کہ ریاست کے اوپر ریاست نہ بنائے۔


متعلقہ خبریں