اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 579 پوائنٹس کا اضافہ

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان

فائل فوٹو


کراچی: کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی 100 انڈیکس میں 579 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 41 ہزار 5 سو 35 کی سطح پر بند ہوا۔

منگل کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 616 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد 40 ہزار 956 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 716 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا تھا۔

گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 41 ہزار 56 رہی تھی جب کہ بازار حصص میں 49 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 16 ارب روپے سے زائد رہی۔

خیال رہے پی ایس ایکس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 82 ارب روپے اضافے سے 7 ہزار 594 ارب روپے ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کی بڑی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے، وزیر اعظم

دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 15 پیسے سستا ہو کر 162  روپے 13 پیسے پر آگیا ہے.

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 400 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 16 ہزار ایک سو روپے کا ہوگیا ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت میں تین سو تینتالیس روپے اضافہ ہوا۔ نئی قیمت 99 ہزار  پانچ سو 37 روپے ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات نے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 20 فیصد ہو گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق انڈہ، چکن، آٹا اور چینی سمیت 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پیاز، آلو، لہسن، دال چنا اور مسور سمیت 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 16 اکتوبر کو اختتام پزیر ہفتے میں مہنگائی کی شرح گزشتہ ہفتے سے زائد رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک کے 17 مختلف شہروں میں 51 اشیا کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا جبکہ 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 9 اشیا کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا۔

 


متعلقہ خبریں