افغان امن کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، اعزاز چوہدری


شکاگو: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزازچوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اور امریکا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اعزازچوہدری امریکا کی شکاگو یونیورسٹی میں ’ڈپلومیٹک کونسلرز سیریز‘ کے نام سے منعقدہ سیمینارسے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کچھ غلط فہمیاں تھیں لیکن باہمی تعلقات ختم کرنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تمام معاملات کے حل کے لیے مذاکرات جاری رہنے چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات بے حد اہم ہیں اور دونوں ممالک کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے مل کرکام کرنا چاہیے۔

رواں برس کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ٹویٹ کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری آ گئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں پاکستان پردہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ٹرمپ نے ٹویٹ میں پاکستان کو دی جانے والی امداد کو احمقانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘پاکستان نے امریکہ کو جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا‘۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد پاک امریکا تعلقات میں فرق پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرپاکستان مثبت کردارادا نہ کرتا توشاید آج امریکا سپر پاور نہ ہوتا۔


متعلقہ خبریں