روس اور ایران صدارتی انتخابات میں مداخلت کیلیے کوشاں، امریکی انٹیلیجنس

روس اور ایران صدارتی انتخابات میں مداخلت کیلیے کوشاں، امریکی انٹیلیجنس

واشنگٹن: امریکی نیشنل انٹیلیجنس نے کہا ہے کہ روس اور ایران 2020 میں ہونے والے انتخابات میں مداخلت کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر امریکی نیشنل انٹیلی جنس جان ریٹکلف نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے امریکی الیکشن میں مداخلت کیلئے اقدامات کر لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں امریکہ چھوڑ بھی سکتا ہوں، ٹرمپ

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ایران اور روس نے امریکی ووٹرز کی رجسٹریشن کی کچھ معلومات  حاصل کر لی ہیں۔

جان ریڈ کلف کا مزید کہنا تھا کہ ایران جعلی اکاؤنٹس اور  ای میلز کے ذریعے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے اور صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں ملک چھوڑ بھی سکتا ہوں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ ایک برے حریف جو بائیڈن سے ہے، انتخابات میں شکست کی صورت میں میرے یہاں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے ریلی کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سوچ سکتے ہیں میری شکست کی صورت میں کیا ہو گا؟ مجھے سب کچھ اچھا دکھائی نہیں دے رہا ہے، ہو سکتا ہے مجھے ملک ہی چھوڑنا پڑ جائے۔ مجھے نہیں معلوم آنے والے وقتوں میں کیا ہو گا؟

ان کا کہنا تھا کہ ماسوائے ابراہم لنکن کے وہ امریکی تاریخ کے سب سے بہترین صدارتی امیدوار ہیں کیونکہ ابراہم لنکن سے موازانہ ناممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخاب: جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری حاصل

خیال رہے کہ  امریکہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے ہونے والے پولز سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں