حکومت کو لاک ڈاؤن کی تجویز دینے پر غور شروع کر دیا، کورونا ایڈوائزری گروپ


لاہور: کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے حکومت کو لاک ڈاؤن کی تجویز دینے پر غور شروع کر دیا۔

کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے اسد اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مارکیٹس ہی نہیں کسی بھی شعبے میں چلے جائیں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے وائرس کے مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو حکومت کو دوبارہ سے اسمارٹ لاک ڈاون کی تجویز دیں گے جبکہ اسپتالوں میں ابھی تک تو کورونا کے مریضوں کو رکھنے کے لیے جگہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 10 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ روز 19 افراد جان کی بازی ہارے تھے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 480 تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے 9 ہزار 642 مریض زیرعلاج ہیں اور 3 لاکھ 9 ہزار 136 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 323 اور سندھ میں 2 ہزار 590 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 266، اسلام آباد میں 201، بلوچستان میں 148، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، یاسمین راشد

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 438 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 2 ہزار 107، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 641، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 810، بلوچستان میں 15 ہزار 738، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 107 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 639 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں