ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر مختلف شہروں میں کارروائیاں

فائل فوٹو


ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

انتظامیہ نے ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر سیالکوٹ میں آٹا، چینی اور چاول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور بڑی مقدار میں اسٹاک قبضے میں لے کر اسٹورز سیل کر دیے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور ضلعی انتظامیہ نے ہنجروال میں گودام پر چھاپہ مارا اور چینی کے 50 کلو گرام کے 800 سے زائد تھیلے برآمد کر لیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو انتظامی معاملات میں براہ راست مداخلت نہ کرنے کی ہدایت

ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے کیے گئے اور 4 ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔

ٹائیگر فورس نے شہروں کے مختلف اسٹورز اور دکانوں پر فرضی خریداری کی، خفیہ سروے میں اشیائے ضروریہ کی زائد قیمت میں فروخت بھی پکڑی گئی۔

خفیہ سروے کے بعد ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کی گئی اور انتظامیہ کی جانب سے اوور چارجنگ پر بھاری جرمانے کیے گئے جب کہ متعدد دکانیں سیل بھی کر دی گئیں۔

ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو دی جائے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو انتظامی معاملات میں براہ راست مداخلت نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ٹائیگرفورس پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رضا کاروں نے کہیں بھی خود جا کر مداخلت نہیں کرنی بلکہ تصویر لے کر پورٹل پر ایڈریس اور تصویر ڈال دینی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دکانوں پر دیکھنا ہے کہ اشیا کی ریٹ لسٹ لگی ہو۔ اس طرح آپ انتظامیہ کی مدد کریں گے۔ آپ نے کہیں پر بھی خود مداخلت نہیں کرنی۔ ٹائیگرز کو اپنا مقام اور اپنا کام سمجھنا ضروری ہے۔ آپ نے شہریوں کی ضروریات اور ان کے حقوق کی حفاظت کرنا ہوتی۔

عمران خان نے کہا کہ ٹائیگرفورس کے جنون اور جذبے کا شکریہ۔ سب سے پہلے میں اپنی ٹائیگر فورس کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ 28مارچ کو ہم نے اپنی ٹائیگرفورس بنائی تھی۔ میں اپنی قوم کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: آج سے میری پوری کوشش ہوگی نوازشریف کو واپس لایا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب مشکل وقت آتا ہے یہ قوم اپنے ملک کیلئے کھڑی ہوجاتی ہے۔


متعلقہ خبریں