فرانسیسی خاتون اول نے میلانیا ٹرمپ کو وائٹ ہاوس کی قیدی قرار دے دیا


واشنگٹن: فرانس کی خاتون اول نے امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو وائٹ ہاوس کی قیدی قرار دیا ہے۔

فرانسیسی خاتون اول بریگیٹی میکران  نے حال ہی میں اپنے شوہر ایمینیول میکران کے ہمراہ امریکا کا تین روزہ دورہ کیا ہے۔

دورے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے بریگیٹی میکران کا کہنا تھا کہ میلانیا ٹرمپ ایک اچھی خاتون ہیں لیکن وہ واشنگٹن اور وائٹ ہاوس میں اپنے اہم کردار کی وجہ سے مجبور ہیں۔

فرانسیسی خاتون اول کا کہنا تھا کہ میلانیا اپنی مرضی سے گھر سے باہر بھی نہیں جا سکتیں۔

انہوں نے دورہ امریکا کے بعد میلانیا ٹرمپ کی زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ میلانیا کی زندگی کافی خوشگوار ہے لیکن وہ وائٹ ہاوس کی سیکیورٹی کی اجازت کے بغیر سانس تک نہیں لے سکتیں۔

بریگیٹی میکران کا کہنا تھا کہ میلانیا کو کھڑکی تک کھولنے کے لیے اجازت چاہیے۔

فرانسیسی خاتون اول کا کہنا تھا کہ وہ  پیرس میں تقریباً روزانہ سیر و تفریح کے لیے جاتی ہیں۔ خاتون اول ہونا آسان نہیں ، آپ کے پاس کوئی ایسا دن نہیں ہوتا جب آپ پرسکون رہ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خاتون اول ہونے کے باوجود ایک نارمل زندگی گزارنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی ایمینیو میکران کی بیوی ہیں، ایک صدر کی نہیں اس لیے خود کو خاتون اول نہیں سمجھتیں۔

فرانسیسی صدر ایمینیول میکرون نے گزشتہ ہفتے امریکا کے دورے میں کانگریس سے خطاب کیا۔

جبکہ فرانسیسی خاتون اول بریگیٹی میکران نے میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ نیشنل گیلری آف آرٹ کا دورہ کیا۔


متعلقہ خبریں