بھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں مہم جوئی کی تو بھر پور جواب دیں گے، پاکستان


اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں کوئی مہم جوئی کی کوشش کی تو بھر پور قوت سے جواب دیا جائے گای۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ بھارتی قیادت پاکستانی عوام کے عزم کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔بھارت ہماری افواج کی جنگی تیاریوں اور حربی صلاحیتوں سے متعلق غلط فہمی میں نہ رہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی افواج نے مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی مکروہ ارادے کا جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد اور پرجوش ہے۔ بالاکوٹ اور پھر لداخ میں بھارت کی کمزور جنگی صلاحیت کا پول کھل چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ بھارتی سیاسی و فوجی قیادت مسلسل پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا تھا کہ ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔

معاون خصوصی معید یوسف نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بھارتی صحافی کو انٹرویو دینے کا مقصد بھارتی شہریوں کو بھارت کا چہرہ دکھانا تھا اور ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ثبوت ہیں تب ہی ہم بات کرتے ہیں اور بھارت کے خلاف جہاں ضرورت ہوئی ہم جائیں گے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔

معید یوسف نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے مولانا عادل کے قتل سے متعلق بھارت کے ملوث ہونے کی صحیح بات کی ہے اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف کردارمیں پاکستان کی تعریف کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف غیر ملکی جریدوں میں بھی مضامین لکھے جا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے سفیرکے طور پر آواز اٹھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتظامی مقاصد کیلئے گلگت بلتستان کو صوبہ بنا سکتے ہیں،معید یوسف

گزشتہ ہفتے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں بھی معید یوسف نے کہا تھا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد کی فراہمی کے ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشتگردوں کو مالی امداد فراہم کی۔اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں تھا اور دہشتگردوں کو بھارت سے فون کالز آئی تھی۔


متعلقہ خبریں