نواز شریف کیخلاف نیا کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف نیا کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نواز شریف، فواد حسن فواد، آفتاب سلطان کے خلاف سیکیورٹی گاڑیوں  کا ریفرنس دائر ہوگا، 73 سیکیورٹی گاڑیوں کے غیرقانونی استعمال سے خزانے کو پونے دو ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 

نیب اجلاس میں احسن اقبال کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ 

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی طلبی کا اشتہار اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر چسپاں

نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اہم اجلاس میں نواز شریف کے خلاف نیا کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف طلبی کا اشتہار لندن کے اخبارات میں شائع کرنے کی درخواست مسترد

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔


متعلقہ خبریں