نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح یکم مئی کو ہوگا


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی یکم مئی کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلی کمرشل پرواز یکم مئی کو لینڈ کرے گی جبکہ ائیرپورٹ  تین مئی سے آپریشنل کیا جائے گا۔

ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کی طرز پر ڈیزائین کیا گیا ہے جہاں ایک سال میں 90 لاکھ مسافروں کو سہولتیں مہیا کی جا سکتی ہیں۔

ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کےلئے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سنیما گھر، اسپتال ، ٹراما سینٹر، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا ساڑھے تین کلومیٹر طویل رن وے پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے۔

ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف 50 میٹر پر قائم ہر چیک پوسٹ پر اے ایس ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہوائی اڈے کی حدود میں داخلے سے قبل میٹرو بس اور گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے جدید زیر زمین اسکینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی تفصیلات کے لیے جوائنٹ سروے رپورٹ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، انٹیلی جنس بیورو( آئی بی) اور ایئرانٹیلی جنس نے تیار کی۔

ایئر پورٹ سیکیورٹی سے متعلق حساس اداروں کی مشترکہ سروے رپورٹ مکمل کر کے ایوی ایشن ڈویژن کو ارسال کی گئی تھی۔

حساس اداروں نے نئے ہوائی اڈے پرایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

مشترکہ جائزہ رپورٹ میں نیو ایئرپورٹ کے لیے الگ تھانہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے  جس کا فیصلہ چیف کمشنر راولپنڈی اور چیف کمشنر اٹک کریں گے۔

جوائنٹ سروے رپورٹ میں ہوائی اڈے کے اطراف 25 دیہاتوں، جرائم پیشہ افراد، ان کے اہل خانہ اور پناہ گزین افغانیوں کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں