کورونا: اسلام آباد میں مزید تین تعلیمی ادارے سیل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد مزید تین نجی تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے ہیں۔

کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے تینوں تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چٹھہ بختاور میں قائم نجی اسکول میں دو طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر ادارے کو سیل کردیا گیا۔

اسی طرح ایف ٹین ون میں قائم نجی اسکول میں 3 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر اسکول کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ جی سکس ٹو میں قائم نجی اسکول میں دو اساتذہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ادارے کو سیل کردیا گیا۔

اس سے پہلے 46 تعلیمی اداروں کو  کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔ 17 تعلیمی اداروں کو ڈی سیل کیا جا چکا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے سبب کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے حکومت کو دوبارہ سے لاک ڈاؤن کی تجویز دینے پر غور کرنا شروع کر دیا۔

اس سے قبل کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے اسد اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مارکیٹس ہی نہیں کسی بھی شعبے میں چلے جائیں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے وائرس کے مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔

مزید پڑھین: کورونا وائرس، دنیا میں 11 لاکھ 30 ہزار سے زائد اموات

انہوں نے کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو حکومت کو دوبارہ سے اسمارٹ لاک ڈاون کی تجویز دیں گے جبکہ اسپتالوں میں ابھی تک تو کورونا کے مریضوں کو رکھنے کے لیے جگہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 10 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ روز 19 افراد جان کی بازی ہارے تھے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 480 تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے 9 ہزار 642 مریض زیرعلاج ہیں اور 3 لاکھ 9 ہزار 136 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 323 اور سندھ میں 2 ہزار 590 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 266، اسلام آباد میں 201، بلوچستان میں 148، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں