جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کے فیصلے کے خلاف اپیل داخل کردی

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کے فیصلے کے خلاف اپیل داخل کردی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ سرینہ عیسیٰ  نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کمشنر کی جانب سے جرمانے کے فیصلے کے خلاف کمشنر اسلام آباد کے آفس میں اپیل داخل کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق سرینہ عیسیٰ نے اپیل اپنے وکیل کے ذریعے کمشنراسلام آباد آفس میں داخل کرائی ہے۔ سرینہ عیسیٰ کی جانب سے لندن جائیدادوں پر ساڑھے 3 کروڑ جرمانے کے خلاف اپیل کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ جولائی میں سرینہ عیسیٰ نے ایف بی آر میں بیرون ملک جائیداد سے متعلق تفصیلات پیش کی تھیں۔ اپنے جواب میں انہوں نے کہا تھا برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے ان کے شوہر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے کراچی میں امریکن اسکول میں ملازمت کے دوران آمدن کا ریکارڈ بھی جمع کرایا تھا۔ اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رقم قانونی طریقے سے بھیجی۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کو کراچی میں فروخت کردہ املاک کی تفصیلات بھی جمع کرادی تھیں۔

مزید پڑھیں: لندن میں خریدی گئی جائیداد میری اور میرے بچوں کے نام ہے، اہلیہ جسٹس قاضی فائز

سرینہ عیسیٰ نے کراچی کلفٹن میں خریدی گئی پراپرٹی اور اس پر جمع کرایا گیا ٹیکس ریکارڈ، والد کی جانب سے تحفے میں ملنے والی زرعی زمین اور ڈیرہ مراد جمالی اور نصیر آباد کی زرعی زمین کی تفصیلات بھی جمع کرادی تھیں۔

اپنے جواب میں اہلیہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے موقف اختیار کیا تھا کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک کے اکائونٹ سے تقریبا 7 لاکھ پائونڈ بھجوائے۔ برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے ان شوہر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے لندن کی جائیدادوں سے ملنے والے کرائے کی تفصیلات بھی ایف بی آر میں جمع کرائی تھیں۔  اہلیہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بتایا تھا کہ مرکزی بنک کے پاس ان کی تمام بنک ٹرانزیکشن کی تفصیلات  موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں