بلوچستان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، بارودی مواد برآمد


کوئٹہ: سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے چھپایا گیا بارودی مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بارودی مواد ممکنہ طور پر ژوب اور کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔ برآمد کیے گئے بارودی مواد میں  6 سے 8 کلوگرام وزنی 8 تیار بارودی سرنگیں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز  سے بھرا بیگ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ بارودی مواد حال ہی میں افغانستان سے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیکٹا بھی مالی مسائل کا شکار ہو گیا

دوسری جانب قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور کے لیے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کالعدم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کوئٹہ اور پشاورمیں دہشتگرد حملوں کی تیاری کررہی ہے۔ دہشتگرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق اہم سیاسی شخصیت کو خودکش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

نیکٹا کے الرٹ  کے مطابق قمردین کاریز سے برآمد مواد کوئٹہ  اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں استعمال ہونا تھا۔


متعلقہ خبریں