مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن جاری


لاہور:  ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کرنے والوں کے خلاف چھاپے مارے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی۔

پنجاب کے بعد خیبرپختون خواہ میں بھی ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر کارروائیاں کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں آٹا، چینی اور چاول کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی  کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر مختلف شہروں میں کارروائیاں

انتظامیہ کی جانب سے بروقت ایکشن کے باعث فلور مل کی آٹا بلیک میں فروخت کرنے کی کوشش پکڑی گئی، مذکورہ نجی فلور مل کو سیل کر کے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

خفیہ مقامات سے آٹے اور چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی بھی پکڑی گئی، انتظامیہ نے بڑی مقدار میں ذخیرہ کیا گیا اسٹاک قبضے میں لے لیا۔

غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 134 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی جب کہ 36 چھوٹے بڑے اسٹوز سیل کیے گئے اور متعدد کو وارننگ دی گئی۔

سب سے زیادہ کارروائیاں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، مردان اور صوابی میں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو انتظامی معاملات میں براہ راست مداخلت نہ کرنے کی ہدایت

ٹائیگر فورس کی اطلاع پر اشیا کی زائد قیمت میں فروخت کی نشاندہی کی گئی جس پر انتظامیہ کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی اور اوورچارجنگ پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں۔

ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں