کاون ہاتھی کی روانگی کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور


اسلام آباد: جڑواں شہروں کے شہری اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کی شان کاون ہاتھی کو مزید نہیں دیکھ پائیں گے۔

اسلام آباد چڑیا گھر کی شان ’’کاون ہاتھی‘‘ کی کمبوڈیا منتقلی کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی۔ کمبوڈیا کی حکومت نے پرمٹ جاری کردیا۔

کمبوڈیا حکومت کی جانب سے پرمٹ بین الاقوامی ایکسپرٹ ڈاکٹر عامر خلیل کے نام پر جاری کیا گیا ہے۔ کاون کی ایک ماہ میں منتقلی کا امکان ہے۔

متعلقہ حکام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرمٹ کے حوالے سے تفصیلات جمع کرا دی گئیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کاون ہاتھی کو بیرون ملک منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل مرغزار چڑیا گھر سے محفوظ پناہ گاہوں میں منتقلی کے دوران مبینہ غفلت کے باعث شیراورشیرنی ہلاک ہوئے تھے۔ جانوروں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد چڑیا گھر سے جانوروں کی محفوظ مقام پر عدم منتقلی پر عدالت برہم

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 21 مئی 2020 کو مرغزار چڑیا گھر میں رکھے گئے تمام جانوروں کو 60 روز کے اندر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کی حالت پر تحریری فیصلے میں حکم دیا تھا کہ چیئرمین وائلڈ لائف کی سربراہی میں بورڈ قائم کیا جائے جو جانوروں کی منتقلی کی نگرانی کرے۔

عدالتی حکمنامے میں درج تھا کہ تین دہائیوں سے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں کاؤن ہاتھی کو اذیت میں رکھا گیا ہے اور چئیر مین وائلڈ لائف بورڈ ہائی کمشنر سری لنکا سے مشاورت کر کے کاؤن ہاتھی کو 30 روز کے اندر مناسب جگہ پر منتقل کریں اور اس سلسلے میں بین القوامی ماہرین سے بھی رائے لی جائے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد:چڑیا گھر انتظامیہ کی غلفت سے ہرن زخمی

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ نے مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی حالت پراسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور میونسیپل کارپوریشن سے لے کر چڑیا گھر کے انتظامی امور وائلڈ لائف مینجمنٹ کے سپرد کرنے کی استدعا کی تھی۔

وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی نے بھی چڑیا گھر کے انتظامات سنبھالنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔


متعلقہ خبریں