وزیراعلیٰ سندھ کی صحافی علی عمران کو جلد بازیاب کرانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ کی صحافی علی عمران کو جلد بازیاب کرانے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے نجی نیوز چینل کے صحافی علی عمران کو جلد بازیاب کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر اعلی ٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ صحافی علی عمران سے متعلق اچھی خبر سننے کے لیے انتظار کر رہا ہوں۔ تمام اداروں کو ٹاسک دیتا ہوں کہ صحافی کو جلد بازیاب کرائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحافیوں کی گمشدگی کو عالمی سطح پر اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔صحافی کااس طرح غائب ہوجانا سوالیہ نشان ہے۔ اس طرح غائب ہونا آزادی صحافت اور انسانی حقوق کیخلاف وزری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر مقدمہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ علی عمران سے متعلق مجھے ہرادارہ الگ الگ پیش رفت رپورٹ دیتا رہے۔

خیال رہے کہ جیو نیوز چینل کے رپورٹر علی عمران گزشتہ شام سات بجے سے لاپتہ ہیں۔

علی عمران کراچی میں سچل تھانےکی حدودمیں واقعہ گھر سے گزشتہ شام قریبی بیکری گئے تھے مگر تاحال واپس نہیں آئے۔

اس ضمن میں علی عمران کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے مگر تاحال واپس نہیں آئے۔

صحافی علی عمران کی اہلیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کے شوہر کا موبائل فون بھی گھر میں ہے جب کہ گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔

پولیس نے صحافی کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی درخواست موصول ہوگئی ہے، جلد ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش جائے گی تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔


متعلقہ خبریں