کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن میں کورونا کی تشخیص


کراچی: کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کی کورونا رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر پولیس چیف نے کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔

دوسری جانب غلام نبی میمن کی غیر حاضری پر ڈی آئی جی عارف حنیف کوایڈیشنل آئی جی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ  صوبہ سندھ میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید چار مریض جاں بحق جب کہ 304 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 598 جب کہ  وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد  ایک لاکھ 43 ہزار526 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 158 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید 244 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار863 ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز  وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کیا تھا کہ ملک کے مختلف شہروں میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

کورونا ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی، این سی او سی کا سخت اقدامات کا عندیہ

انہوں ںے کہا کہ گزشتہ روز کورونا وبا کی وجہ سے 19 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کسی حد تک ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی   بنائیں، سماجی فاصلے کا خیال کریں، ماسک کا استعمال لازمی بنائیں اور رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب برتیں۔


متعلقہ خبریں