انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں نے پنڈال سجا لیے


اسلام آباد: الیکشن2018 کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں بھرپور تیاریوں کے ساتھ جلسوں کا آغاز کر دیا ہے۔

آج پاکستان کی پانچ بڑی سیاسی جماعتیں مختلف شہروں میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف لاہور اور کراچی میں پنڈال سجائیں گی۔

متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا میں جلسے کریں گی۔

تحریک انصاف 

گزشتہ پانچ سالوں میں حکمراں جماعت کو سب سے زیادہ مشکل وقت دینے والی پی ٹی آئی آج ن لیگ کے گڑھ لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

مینارپاکستان پرہونے والے جلسے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں کی ملک بھر سے ریلیوں کی صورت میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

شہرمیں جگہ جگہ عمران خان کی تصاویر اورپارٹی پرچم لگائے گئے ہیں۔

جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی ڈیوٹی پرمامور ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہورکے جلسے کو ’سونامی پلس‘ کا نام دیا ہے۔

پیپلزپارٹی 

پاکستان پیپلزپارٹی ، کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پنڈال سجانے جارہی ہے۔

پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت پارٹی  کے اہم رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

پارٹی قائدین کے لیے120 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ 30 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری شام 6 بجے جلسے سے خطاب کریں گے۔

ملک کے مختلف حصوں سے کارکنوں کے قافلے کراچی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

جلسے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

1400 پولیس اہلکاروں سمیت پیپلز پارٹی کے ایک ہزار سے زائد رضا کار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

دیگرجماعتیں 

متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے) دوبارہ بحالی کے بعد اپنا پہلا جلسہ آج مردان میں کرے گی۔

جلسے سے مولانا فضل الرحمان اورسراج الحق سمیت ایم ایم اے کے اہم رہنما خطاب کریں گے۔

خیبر پختونخوا کی سابق حکمران جماعت عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) صوابی میں  جلسہ کر رہی ہے۔

جلسے سے پارٹی صدر اسفند  یار ولی اور امیر حیدر ہوتی سمیت متعدد رہنماوں کا خطاب متوقع ہے۔

قومی وطن پارٹی بھی صوابی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔

جلسے سے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب خان شیرپاؤ خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں