قوم نواز شریف اور مریم نواز کو مسترد کر چکی ہے، شہباز گل

عوام کو معلوم ہے عمران خان کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں، وزیر اعظم

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم نواز شریف اور مریم نواز کو مسترد کر چکی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ملک مخالف بیانیہ پر قوم نے بانی ایم کیو ایم کو مسترد کیا اور اب قوم سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو بھی مسترد کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کا خیال ہے کہ وہ بڑے صوبے سے ہیں ان سے مختلف برتاؤ ہو گا تو وہ غلطی پر ہیں کیونکہ ملک مخالف بیانیہ رکھنے والوں سے ایک ہی جیسا برتاؤ ہو گا۔

شہباز گل نے کہا کہ منصوبوں میں کرپشن اور لوٹ مار کی پاداش میں چھوٹے میاں پابند سلاسل ہیں جنہوں نے میٹروز اور اورنج لائن میں کک بیکس کے ذریعے اربوں ہڑپ کیے اور مہنگے منصوبوں میں سبسڈی کی مد میں خزانے کو اربوں روپے کا چونا لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کک بیکس کے لالچ میں تاریخی عمارتیں سمیت قومی ورثے کو داؤ پر لگایا گیا جبکہ صحت اور تعلیم کے فنڈز اورنج لائن میں استعمال کیے گئے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اورنج منصوبے کی وجہ سے پنجاب حکومت 40.62 ملین امریکی ڈالر ادا کرے گی اور خطیر رقم ایک منصوبے پر خرچ کر کے عوامی فلاح وبہبود کو نظر انداز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے پہلے ن لیگ نے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا

انہوں نے کہا کہ ان کا وطیرہ رہا ہے پہلے مہنگے منصوبوں اور پھر سبسڈی کی مد میں ملک کو لوٹتے رہے اور پھر انہی منصوبوں میں کرپشن کرنے والے کو شکریہ کہا جا رہا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو باشعور کر چکے ہیں اب پائی پائی کے حساب کا شور ہو گا شکریہ کا نہیں۔


متعلقہ خبریں