میں کٹھ پتلی نہیں،کسی کے اشارے پر نہیں چلوں گا، بلاول بھٹو



شگر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں کٹھ پتلی نہیں ، کسی کے اشارے پر نہیں چلوں گا۔

شگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے گلگت بلتستان کو صوبہ بناؤں گا اور یہاں کے نمائندے اسلام آباد میں بٹھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ووٹوں سے فیصلے ہوں گے تو قسمت بدلے گی، عمران خان دوبارہ راج گیری نافذ کرنا چاہتے ہیں، تبدیلی والے تباہی لاتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام وعدے جھوٹے ہیں، عمران خان نے جنوبی پنجاب کو صوبے کا لالی پاپ دیا تھا اور  کہا تھا 100 دن میں صوبہ بناؤں گا، آج ان سے پوچھا جائے کیا انہیں صوبہ ملا؟

بلاول بھٹو پی ڈی ایم کے جلسے میں آنے کیلئے تیار نہیں، فیاض الحسن چوہان

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہر طبقے کو تکلیف دی ہے، سرکاری ملازمین آج بھی اسلام آباد میں احتجاج کر رہے ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز آج دھرنا دے رہی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نوجوان بیروزگار ہیں ان کو مزید بیروزگاری میں نہیں دھکیل سکتے، موجودہ حکومت کو یہاں کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی خدمت کرنے والی پارٹی ہے، ہم نے بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا جس سے غریبوں کو مدد مل رہی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تعلیم پر زیادہ توجہ دی ہے، سب سےز یادہ تعلیمی ادارے پیپلزپارٹی نے بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے تعلیمی ادارے بنانے ہوں گے جہاں مزدور کا بچہ بھی تعلیم حاصل کر سکے۔


متعلقہ خبریں