29 سال قبل عاقب جاوید کی بھارت کیخلاف منفرد ہیٹ ٹرک


اسلام آباد: پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کی بھارت کیخلاف سات وکٹوں اور منفرد ہیٹ ٹرک کو 29 برس بیت گئے۔

عاقب جاوید نے 1991 میں شارجہ کے میدان میں یہ کارنامہ سر انجام دیا اور بھارت کے خلاف منفرد ہیٹ ٹرک بھی لی۔

سابق پاکستانی تیز گیند باز کا ون ڈے میچز میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ  سن 2000 تک قائم رہا۔

ویلز کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے زاہد فضل 98 اور سلیم ملک 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

263 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ لائن عاقب جاوید کی شاندار گیند بازی کے آگے ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے یہ میچ باآسانی 72 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کر لیا ۔

عطاالرحمان کے بعد عاقب جاوید نے بھی وسیم اکرم پر الزامات لگا دیے

عاقب جاوید نے اس میچ میں 37 رنز دے کر 7 انڈین بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا تھا۔

عاقب جاوید کا یہ ریکارڈ تقریبا دس سال تک قائم رہا اور اکتوبر 2000ء میں مرلی دھرن نے انڈیا کے خلاف صرف 30 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کر کے یہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔

پاکستان کے سابق گیند باز نے اس میچ میں ایک ہیٹ ٹرک بھی حاصل کی تھی جب انہوں نے مسلسل تین گیندوں پر روی شاستری، محمد اظہرالدین اور عظیم ترین بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کیا تھا۔

اس ہیٹ ٹرک کی منفرد بات یہ تھی کہ تینوں بھارتی بلے باز ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں