’نیو انڈیا‘بیانیے کی آڑ میں بھارت کی پاکستان کو دھمکی

نیو انڈیا بیانیے کی آڑ میں بھارت کی پاکستان اور چین کو دھمکی

فائل فوٹو


بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے کہا ہے کہ ہندوستان کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والے ممالک کی سرزمین پر بھی لڑیں گے۔

اجیت دوول اپنے بیانیے کو نیوانڈیا کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اُن ممالک کی سرزمین تک لے جائیں گے جہاں سے یہ خطرات سر اٹھارہے ہیں۔

نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ بھارت نے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا، ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پہل نہ کرنے کے ماضی کے نظریئے میں تبدیلی کررہا ہے اور نیو انڈیا ڈاکٹرائن کے تحت جہاں سے خطرہ ہوگا وہاں میدان جنگ بنادیا جائے گا۔

اجیت دوول کا کہنا تھا کہ بھارت ایک مہذب ملک ہے اس کی بنیاد کسی مذہب، زبان یا فرقے کی بنیاد پر نہیں۔ اس قوم کی بنیاد ثقافت ہے۔

دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفی نے اس بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت روز اول سے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن وہ خود بھی کمزور ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی 9 لاکھ فوج کشمیر میں پھنسی ہوئی ہے اور اقلیتوں کیخلاف اقدامات بھی بھارت کو کمزور کر رہے ہیں۔

بھارت کا منصوبہ ہے کہ پہلے گلگت پھر آزادکشمیر اور آخر میں پاکستان پر قبضہ کیا جائے گا۔ پاکستان کیلئے خطرات بڑھ رہے ہیں اور اس صورتحال کو سمجھنا پڑے گا۔

دفاعی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ سے بھاگ نہیں سکتا اور اس کا ساتھ بھی کوئی نہیں دے گا۔ پاکستان نے امن پسندی کے نام  پر اپنے ہاتھ پاؤں خود باندھ رکھے ہیں۔


متعلقہ خبریں